Wednesday, 16 September 2026, 03:50:19 pm
 
وزیراعظم کی پمز ہسپتال کو بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ہرممکن اقدام اٹھانے کی ہدایت
September 16, 2026

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، اسلام آباد میں بہتری اور اسے بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے۔

انہوں نے یہ ہدایت آج اسلام آباد میں پمز ہسپتال کی بہتری کیلئے لائحہ عمل پر ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی۔

اجلاس میں پمز کے حوالے سے تحقیقاتی رپورٹ اور وزارت قومی صحت کی جانب سے پمز کے پرفارمینس آڈٹ کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے انکوائری رپورٹ کی سفارشات کی روشنی میں پمز ہسپتال میں فائر سیفٹی سمیت نظام کی بہتری، اسکی بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگی اور مجوزہ اقدامات کو آئندہ 3 ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے انکوائری رپورٹ میں مجوزہ قلیل مدتی اقدامات پر عملدرآمد کو آئندہ 3 ماہ میں یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

شہباز شریف نے فائر سیفٹی سے متعلق نظام کیلئے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ سے معاونت اور تجاویز لینے کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ میں موجود تجاویز پر غور کر کے ان پر عملدرآمد بھی یقینی بنایا جائے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ہسپتال میں ادویات کی فراہمی اور سہولیات بالکل مفت فراہم کرنے کیلئے اقدامات بھی لائحہ عمل کا حصہ بنائے جائیں اور پمز ہسپتال کی بہتری کیلئے اچھی شہرت کی حامل افرادی قوت کو تعینات کیا جائے۔

شہباز شریف نے پمز ہسپتال کی بہتری کیلئے طویل مدتی اقدمات پر مبنی ایک جامع لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے پولی کلینک ہسپتال کا آڈٹ کرکے بے ضابطگیوں کو دور کرنے اور اس کی تنظیم نو کا لائحہ عمل مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کو ہدایت کی کہ وہ اسلام آباد میں موجود تمام سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں فائر سیفٹی اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنائے۔

انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے اور تمام متعلقہ ادارے سرکاری و نجی دفاتر اور عمارتوں میں فائیر سیفٹی کے حوالے سے آڈٹ یقینی بنائیں۔

اجلاس کے دوران شرکاء کو وزارت قومی صحت کی جانب سے پمز ہسپتال کی بہتری اور اسے بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے کیلئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پمز ہسپتال کے پرفارمینس آڈٹ میں جانچ کردہ انڈیکیٹرز میں سے 90 فیصد کی قابل قبول ہدف کے مقابلے میں صرف 39.7 فیصد کمپلائنس پائی گئی ہیں۔

اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ پمز کے حوالے سے تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں 37 مجوزہ اقدامات پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جارہا ہے۔

اجلاس میں قلیل مدتی، وسط مدتی اور طویل مدتی اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، سید مصطفی کمال، معاون خصوصی مختار احمد بھرتھ اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔