اسلامی تعاون تنظیم کے جنرل سیکریٹریٹ نے حوثی گروپ کی جانب سے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے علاقے پر کیے گئے گھنائونے حملوں سمیت سعودی عرب کے خلاف جاری جارحیت کی مذمت کی ہے۔
جنرل سیکریٹریٹ نے ایک بیان میں کہا یہ حملے بے گناہ شہریوں میں خوف و ہراس پیدا کرنے، مقدس مقامات اور مساجد کی حرمت کی خلاف ورزی اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو مشتعل کرنے کا باعث ہیں۔
جنرل سیکریٹریٹ نے کہا کہ مقدس مقامات، مساجد اور شہری انفراسٹرکچر کے خلاف حوثی دہشت گرد ملیشیا کی کارروائیاں دہشت گردی کے زمرے میں آتی ہیں جو اسلامی اقدار اور بین الاقوامی اصولوں، ضوابط اور قانون کے منافی ہیں۔
جنرل سیکریٹریٹ نے حملہ آوروں کو روکنے، مقدس مقامات کی حرمت ، مسلمانوں کی جانوں اور سعودی عرب کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کیلئے تمام اقدامات کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا ہے۔