وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مقدس شہر مکہ مکرمہ پر بزدلانہ اور گھناؤنے ڈرون حملے کی کوشش کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ پاکستان کے عوام اس اشتعال انگیز اقدام پر افسردہ اور پریشان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس قابل مذمت اور ناقابل معافی کارروائی پر ہمارے گہرے دکھ اور صدمے کو بیان کرنے کے لیے الفاظ ناکافی ہیں۔
وزیراعظم نے فوری اور موثر کارروائی پر سعودی شاہی مسلح افواج کی غیر معمولی چوکسی، بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
شہباز شریف نے ایک بار پھر تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور مزید کشیدگی سے بچنے کیلئے صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا خطہ پہلے ہی تنازعات سے بہت زیادہ متاثر ہو چکا ہے اور امن کی جانب پائیدار پیش رفت کیلئے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد راستہ ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سا لمیت کے دفاع کے ساتھ ساتھ حرمین شریفین کے تحفظ اور تقدس کیلئے برادر اسلامی ملک سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، جو ایسا فریضہ ہے جسے ہر پاکستانی اپنے دل کے قریب رکھتا ہے۔