Saturday, 22 August 2026, 05:10:50 am
 

مزید خبریں

 
پاکستان کے معدنی شعبے میں نئی پیش رفت، ایس آئی ایف سی کی معاونت سے خضدار منصوبہ فعال
August 16, 2026

خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی )کی سہولت کاری سے پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری، ترقی اور قدرتی وسائل کے موثر استعمال کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

پاکستان وسیع قدرتی معدنی وسائل سے مالا مال ہے، جس کے باعث معدنی شعبہ ملکی معاشی ترقی، روزگار کے مواقع اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

خضدار کا بارائٹ، لیڈ، زنک منصوبہ پاکستان کے اہم معدنی منصوبوں میں شمار ہوتا ہے، جس پر طویل عرصے سے کام جاری تھا۔ منصوبے کو درپیش دیرینہ مسائل کے حل میں ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری کے نتیجے میں 200 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوئی ہے۔

خضدار میں قائم کیا جانے والا یہ منصوبہ پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ اور بولان مائننگ انٹرپرائزز کے اشتراک سے تیار کیا جا رہا ہے۔ منصوبے میں تقریبا 69 ملین ٹن معدنی ذخائر موجود ہیں، جبکہ اس کی متوقع مائن لائف 34 سال بتائی گئی ہے۔

منصوبے سے متعلق لیز کے مسائل کے حل کے بعد آپریشنل معاہدے کی تکمیل کو اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے منصوبے کو عملی مراحل کی جانب بڑھانے میں مدد ملے گی۔BLZ منصوبے سے سالانہ 150 سے 230 ملین ڈالر تک آمدن حاصل ہونے کی توقع ہے، جبکہ اس کے نتیجے میں بلوچستان میں معاشی سرگرمیوں، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع میں بھی اضافہ متوقع ہے۔معدنی شعبے میں ایسے منصوبوں پر پیش رفت پاکستان کے وسیع قدرتی وسائل کو معاشی اثاثوں میں تبدیل کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے معدنی منصوبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات بڑھنے اور عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کی توقع کی جا رہی ہے۔