آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے نے آج سے ہفتے کے روز تک ملک کے مختلف حصوں میں متوقع موسمی صورتحال اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے انتباہ جاری کیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ انتباہ کے مطابق، بارشوں کے ساتھ ساتھ بڑھتے ہوئے درجہ حرارت سے خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے کچھ حصوں میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔
اتھارٹی نے گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے اور برفانی جھیلوں کے ممکنہ پھٹنے کے خطرے کو بھی اجاگر کیا جس سے پہاڑی ندیوں اور دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔
اتھارٹی نے کہا کہ تمام صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تیاریوں کو یقینی بنائیں اور موسم سے متعلق کسی بھی ہنگامی صورتحال کا فوری جواب دینے کیلئے تیار رہیں۔