بین الاقوامی لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) کے کنٹری ڈائریکٹر گیئر ٹونسٹول نے وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز و انسانی وسائل کی ترقی چوہدری سالک حسین سے ملاقات کی۔
اس موقع پر وفاقی سیکرٹری جناب ندیم اسلم چوہدری اور سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران آئی ایل او کے کنٹری ڈائریکٹر نے وفاقی وزیر کو آئی ایل او کے ڈائریکٹر جنرل گلبرٹ ایف ہانگبو کے 6 اکتوبر سے شروع ہونے والے اہم دورۂ پاکستان کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈائریکٹر جنرل کے دورے میں مختلف صوبائی دورے، اعلیٰ سرکاری حکام و شراکت داروں کے ساتھ اہم ملاقاتیں، اور ملک بھر میں محنت کشوں اور ورکر برادری کے ساتھ خصوصی پروگرامز اور تفصیلی تعاملی نشستیں شامل ہیں۔
اس موقع پر وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے ورکرز کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے آئی ایل او کے کلیدی کردار کو سراہا۔ وفاقی وزیر نے اس بات کو انتہائی خوش آئند قرار دیا کہ تقریباً 28 سال کے طویل عرصے کے بعد آئی ایل او کے کسی ڈائریکٹر جنرل کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہوگا، اور انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ اس تاریخی موقع پر معزز مہمان کا انتہائی پرتپاک اور شاندار استقبال کیا جائے گا۔
آئی ایل او کے کنٹری ڈائریکٹر نے پاکستان میں ورکرز کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے حکومتِ پاکستان کے عملی اقدامات اور کی جانے والی قانون سازی کی تعریف کی۔ ملاقات میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور ملک میں لیبر معیارات کی بہتری کے لیے آئندہ بھی مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔