شمالی وزیرستان کے علاقوں علی خیل، میر علی اور دتہ خیل میں سکیورٹی فورسسز نے بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دو افغان باشندوں سمیت سولہ خوارج کو ہلاک کر دیا ہے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے خفیہ معلومات کی بنیاد پر جاری کارروائیوں کے سلسلے میں خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقوں میر علی، دتہ خیل اور گردونواح میں خوارج کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
گزشتہ بارہ گھنٹوں کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد علی خیل میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دو افغان باشندوں سمیت بارہ خوارج ہلاک ہوئے، جبکہ میر علی اور دتہ خیل میں مزید دو، دو خوارج کو ہلاک کیا گیا۔
ان جھڑپوں کے دوران مادر وطن کے دو بہادر سپوت، ضلع صوابی کے رہائشی حوالدار عصمت علی، اور ضلع مردان کے رہائشی نائیک آفتاب علی بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے۔
ہلاک ہونے والے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جو بے گناہ شہریوں کے قتل سمیت دہشت گردی کی کئی کارروائیوں میں ملوث تھے۔
ان علاقوں میں باقی ماندہ خوارج کے خاتمے کے لیے تلاشی کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو سراہا ہے۔
اپنے الگ الگ بیانات میں دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف جاری عزم استحکام مہم کے تحت کارروائیاں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک پوری قوت سے جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے دفاع میں جام شہادت نوش کرنے والے حوالدار عصمت علی اور نائیک آفتاب علی کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اپنے بیان میں شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ملک سے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔