Friday, 13 November 2026, 03:38:42 am
 
وزیراعظم کا عراق کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور استحکام کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ
November 12, 2026

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کوپ 31 کے موقع پر عراق کے صدر نزار محمد سعید الامیدی سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے صدر نزار الامیدی اور برادر عراقی عوام کو حالیہ پارلیمانی انتخابات کے کامیاب انعقاد اور نئی حکومت کی تشکیل پر مبارکباد دی۔

وزیراعظم نے عراق کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، قومی اتحاد اور استحکام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے مشترکہ مذہب، تاریخی روابط اور عوامی سطح پر مضبوط تعلقات پر مبنی پاکستان اور عراق کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کی اہمیت کا اعادہ کیا۔

دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے اعلیٰ سطح کے مسلسل تبادلوں اور ادارہ جاتی روابط کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے صدر نزار الامیدی کو باہمی طور پر موزوں وقت پر پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

ملاقات میں دوطرفہ تعاون کے تمام شعبوں کا جائزہ لیا گیا، جن میں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، افرادی قوت، تعمیرِ نو، زراعت اور دفاع کے شعبے شامل تھے۔

وزیراعظم نے پاکستانی زائرین کو سہولیات کی فراہمی کے لیے عراق کے تعاون اور اقدامات کو سراہا۔

دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور کثیرالجہتی فورمز پر قریبی رابطہ کاری اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔