Thursday, 12 November 2026, 06:26:54 pm
 
وزیراعظم کا پاکستان اور فن لینڈ کے تعلقات کو مضبوط شراکت داری میں تبدیل کرنے کے عزم کا اعادہ
November 12, 2026

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور فن لینڈ کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو تجارت و سرمایہ کاری، تعلیم و ہنرمندی کے فروغ، ٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی صلاحیت اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں مستقبل پر مبنی مضبوط شراکت داری میں تبدیل کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

انہوں نے یہ بات ترکیہ کے شہر انطالیہ میں کانفرنس آف دی پارٹیز کے 31ویں سربراہی اجلاس کے موقع پر فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر اسٹب (Alexander Stubb) سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعظم نے سیلاب کی پیشگی اطلاع، آبی وسائل کے انتظام، موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ زراعت، گلیشیئرز کی نگرانی اور بروقت انتباہی نظام کے شعبوں میں فن لینڈ کی تکنیکی مہارت سے استفادہ کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

ملاقات میں پاکستان اور فن لینڈ کے تعلقات کا جائزہ لیا گیا اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے موسمیاتی تبدیلی، قدرتی آفات کے خطرات میں کمی اور ماحولیاتی تعاون کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

فن لینڈ کے صدر نے ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات اور ثالثی کی سہولت کاری میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی روابط کے تسلسل کو برقرار رکھنے اور دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے مزید قابل عمل اقدامات کرنے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔