Thursday, 12 November 2026, 06:26:56 pm
 
وزیراعظم کا کمزور معیشتوں کے لیے گرانٹ پر مبنی مالی معاونت اور موسمیاتی فنڈز میں اضافے پر زور
November 12, 2026

وزیراعظم شہباز شریف نے موسمیاتی آفات کے اثرات سے نمٹنے کیلئے بالخصوص اِس سے نبرد آزما معیشتوں کی مدد کی غرض سے گرانٹ پر مبنی مالی معاونت، سرکاری و نجی شعبوں کی شراکت داری اور موسمیاتی اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت بہتر بنانے اور فنڈز میں نمایاں اضافے پر زور دیا ہے۔

انہوں نے آج ترکیہ کے شہر انطالیہ میں COP-31 سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب موسمیاتی آفات ترقی پذیر ممالک کو متاثر کرتی ہیں تو انہیں بروقت ایسی مدد اور معاونت کی ضرورت ہوتی ہے جس سے ان کے قرضوں میں مزید اضافہ نہ ہو۔

وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سرحدوں سے ماورا ہے اور کوئی بھی ملک اکیلے اس کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ یکجہتی کا مطلب عملی اقدامات ہونا چاہیے۔

شہباز شریف نے سال دو ہزار بائیس میں پاکستان میں اچانک آنے والے سیلاب سے ہونے والی ہلاکتوں اور تباہی کا بھی ذکر کیا۔

وزیراعظم نے ماحول دوست توانائی کے فروغ کیلئے پاکستان کی طرف سے کئے گئے اقدامات کو بھی اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان گاڑیوں کو تیزی سے بجلی پر منتقل کر رہا ہے اور دو ہزار پینتیس تک گیسوں کا اخراج تقریباً پچاس فیصد کم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔