Thursday, 12 November 2026, 06:26:49 pm
 
دو روزہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم اسلام آباد میں جاری ہے
November 12, 2026

دو روزہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم اسلام آباد میں جاری ہے۔

سیکرٹری پیٹرولیم حمید یعقوب شیخ نے اپنے افتتاحی کلمات میں کہا کہ پاکستان اپنے معدنی شعبے کی ترقی کے ایک نئے دور میں داخل ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے معدنی شعبے کو زیادہ شفاف، منافع بخش اور سرمایہ کاروں کیلئے سازگار بنانے کے لئے اہم اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔

انہوں نے اِس امر کو اجاگر کیا کہ ترکیہ کے تعاون سے سمندر میں معدنی وسائل کی تلاش کا کام بھی اب شروع ہو رہا ہے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان معدنیات کی تلاش اور سرمایہ کاری کے لیے ایک مسابقتی اور قابلِ اعتماد مقام کے طور پر مواقع فراہم کرتا ہے۔

اسحاق ڈار نے اِس امر کو اجاگر کیا کہ معدنیات کے شعبے کی ترقی کو قومی معیشت کی اہم اسٹریٹجک ترجیح قرار دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا پیداواری صلاحیت کی حامل، برآمدات اور سرمایہ کاری پر مبنی معیشت کا وژن پاکستان کی غیر استعمال شدہ صلاحیتوں کو بروئے کار لانے، صنعتی استعداد مستحکم کرنے اور ملکی و بین الاقوامی سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر زور دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری قومی معدنیاتی پالیسی معدنیات کے شعبے کی مربوط ترقی کے لیے ایک اہم بنیاد فراہم کرتی ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کے معدنی مستقبل میں مرکزی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ صوبے کے قدرتی وسائل کی ترقی سے اس کی معیشت اور عوام کی فلاح و بہبود کو حقیقی فائدہ پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ معدنیات کے شعبے میں ہمارا ایجنڈا خیبر پختونخوا اور معدنی وسائل سے مالا مال شمالی علاقوں تک پھیلا ہوا ہے۔ انہوں نے پنجاب اور سندھ میں بھی معدنیات کے شعبے کی استعداد کو اجاگر کیا۔ 

اس موقع پر آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم، پنجاب، سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ اور گورنر خیبر پختونخوا نے اپنے متعلقہ علاقوں میں معدنی وسائل کے مواقع اور اس شعبے میں سرمایہ کاروں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کو اُجاگر کیا۔

آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم سید افتخار علی گیلانی نے سرمایہ کاروں کو خطے میں مختلف معدنیات کے ذخائر تلاش کرنے کی دعوت دی۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین آذر نے کہا کہ معدنیات کی تلاش میں سرمایہ کاری میں سہولت کے لیے ضروری طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ انہوں نے معدنی راہداری کے لیے ایک اور سیکیورٹی ڈویژن قائم کیا ہے تاکہ ہر سرمایہ کار کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں مائنز اینڈ منرلز کمپنی جلد کام شروع کر دے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبے میں ستائیس اقسام کی معدنیات کی نشاندہی کی گئی ہے اور ان کے پاس کان کنی کا ایک مضبوط لائحہ عمل بھی موجود ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بتایا کہ گزشتہ ڈھائی سال کے دوران صوبے کے محکمہ کان کنی اور معدنیات سے حاصل ہونے والی آمدنی بڑھ کر چالیس ارب روپے ہوگئی ہے۔