Thursday, 12 November 2026, 06:26:49 pm
 
پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون پرغور
November 12, 2026

پاکستان اور ازبکستان نے زرعی تحقیق، بیجوں کی تیاری، باغبانی اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے امکانات کا جائزہ لیا، جس میں جدید ٹیکنالوجی اور موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت رکھنے والے زرعی طریقوں پر توجہ دی گئی۔

اس بات پر اتفاق ترکیہ میں وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین اور ازبکستان کے نائب وزیر زراعت علی شیر شکوروف کے درمیان ملاقات میں ہوا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ ملاقات انطالیہ میں COP-31 سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے پاکستان میں ازبکستان کا تکنیکی ماہرین پر مشتمل وفد بھیجنے کی تجویز کا خیرمقدم کیا اور دونوں ممالک کے زرعی ماہرین اور متعلقہ تحقیقی اداروں کے درمیان براہِ راست روابط کے فروغ میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

اس مجوزہ دورے سے مشترکہ تحقیق، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور ادارہ جاتی تعاون کے عملی امکانات کا جائزہ لینے میں مدد ملے گی۔

یہ بات چیت COP-31 سربراہی اجلاس کے موقع پر ازبکستان کے موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ زرعی اور غذائی نظام میں سرمایہ کاری کے اقدامات کے تناظر میں بھی اہمیت کی حامل ہے۔