وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے اور علاقائی رابطوں کو مضبوط کرنے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔
وہ آج فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
ایم فور موٹروے پر پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں تک موٹروے کو چھ رویہ بنانے کا کام تیز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ کام رواں سال دسمبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ ملتان-لودھراں ایکسپریس وے بھی رواں سال دسمبر تک مکمل کر لی جائے گی۔
انہوں نے مذہبی سیاحت اور بین الاقوامی سیاحوں کی سہولت کے لیے سکھ برادری کو تحفے کے طور پر ننکانہ ایکسپریس وے تعمیر کرنے کے منصوبے کا بھی اعلان کیا۔
وزیر نے کہا کہ چین کے ساتھ رابطوں کو مضبوط بنانے کے لیے مانسہرہ، ناران، کاغان، جلکھنڈ اور چلاس شاہراہ تعمیر کی جائے گی، جس سے تجارت، سیاحت اور علاقائی تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔