خزانے کے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ حکومت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو مالی معاونت کے حصول میں درپیش رکاوٹیں دور کرنے اور انہیں سہولتیں فراہم کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔
انہوں نے آج اسلام آباد میں سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ پالیسی انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برآمدات کی طویل مدتی ترقی میں مدد کے لیے ایک مالیاتی سہولت تیار کی گئی ہے۔
اس سہولت کے تحت برآمد کنندگان مشینری اور آلات کی خریداری کے لیے پہلے دو سال دو فیصد اور اگلے آٹھ سال پانچ فیصد شرح سود پر قرض حاصل کر سکتے ہیں۔
وزیر مملکت نے کہا کہ برآمدی سہولت سکیم سے بھی استفادہ کیا جا سکتا ہے جس کے تحت برآمد کنندگان ڈیوٹی ادا کیے بغیر خام مال درآمد کر سکتے ہیں۔
بلال اظہر کیانی نے پائیدار اور جامع اقتصادی ترقی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس مقصد کے حصول اور معاشی اتار چڑھا ئو سے بچنے کیلئے برآمدات میں اضافہ ضروری ہے۔