Friday, 12 June 2026, 11:49:02 pm
 
پاکستانی سفارت خانے کے زیرِ اہتمام یوروایشیا شارٹس 2026 فلم فیسٹیول کا کامیاب انعقاد
June 12, 2026

واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارت خانے کے زیرِ اہتمام یوروایشیا شارٹس 2026 فلم فیسٹیول کا کامیاب انعقاد کیا گیا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں امریکی محکمہ خارجہ، سفارتی برادری، سول سوسائٹی اور میڈیا کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی، جنہوں نے پاکستانی روایتی مہمان نوازی کو سراہا۔

فلم فیسٹیول کا آغاز پاکستان، امریکہ اور فرانس کے قومی ترانوں کی دھنوں سے کیا گیا۔ یوروایشیا شارٹس، واشنگٹن میں قائم سفارت خانوں اور ثقافتی مراکز کے تعاون سے منعقد ہونے والا سالانہ شارٹ فلم فیسٹیول ہے۔ اس موقع پر وزارتِ اطلاعات و نشریات اور پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کے تعاون سے پاکستانی مختصر فلموں کی نمائش بھی کی گئی۔

پاکستان نے پہلی مرتبہ اس فیسٹیول میں شرکت کرتے ہوئے اپنی مختصر فلموں کے ذریعے قومی عزم، استقامت اور معاشرتی طاقت کو اجاگر کیا۔ تقریب میں امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس ایونٹ کی میزبانی پاکستان کی ثقافتی مکالمے اور تخلیقی تعاون سے وابستگی کا اظہار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تخلیقی صلاحیتیں قدیم تہذیبوں سے جڑی ہیں اور مہرگڑھ سے وادیِ سواں تک یہ تہذیب علم، فن اور تخلیقی اظہار کی علامت رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج پیش کی جانے والی کہانیاں حقیقی زندگی کے متاثر کن واقعات پر مبنی ہیں جن کا مقصد پاکستان کے بارے میں دقیانوسی تصورات کو بدلنا ہے۔

فیسٹیول کے دوران پاکستان اور فرانس کی دو دو شارٹ فلمیں پیش کی گئیں جبکہ نوجوان شرکاء نے ایوارڈ یافتہ فلم سازوں کے سنیماٹک مکالمے سے بھرپور لطف اٹھایا۔ شرکاء نے پاکستانی سفارت خانے کی میزبانی اور ثقافتی پیشکش کو سراہا۔

الائنس فرانسیز کی ڈپٹی اور اکیڈمک ڈائریکٹر  آمنہ مدجلسی نے بھی پاکستانی سفارت خانے کو کامیاب تقریب کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔