Saturday, 12 October 2024, 10:28:24 am
 
خلیل ہاشمی کا پاکستان اور چین کے درمیان ذرائع ابلاغ کے وسیع تر تعاون کی ضرورت پرزور
October 11, 2024

File Photo

چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے پاکستان اور چین کے درمیان ذرائع ابلاغ کے وسیع تر تعاون کی ضرورت پرزور دیا ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائے اور پاک چین دوستی کے خلاف پروپیگنڈے کا خاتمہ کیا جائے۔ پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں آج دستاویزی فلم ''شیان سے گوادر پورٹ تک'' کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزار ت اطلاعات و نشریات اور چین کے قومی ریڈیو اور ٹیلی ویژن انتظامیہ کے درمیان مشترکہ پروڈکشن کا معاہدہ تکمیل کے قریب ہے۔پاکستانی سفیر نے کہا کہ چائنہ میڈیا گروپ اور پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کے درمیان ایک اور مفاہمتی یادداشت بھی منظوری کے مراحل میں ہے جس سے دونوں ملکوں کے سرکاری میڈیا اداروں کے درمیان تعاون مزید بڑھے گا۔ خلیل ہاشمی نے کہا کہ فریقین دریائے سندھ اور دریائے Yangtze کے کنارے پروان چڑھنے والی تہذبیوں کے درمیان روابط کو اُجاگر کرنے میں بھی تعاون کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے پر دونوں ممالک کے دانشور کام کررہے ہیں اور ہمارے سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 ویں سالگرہ کے موقع پر ایک کتاب اور ایک دستاویزی فلم کی رونمائی ہوگی۔دستاویزی فلم شیان سے گوادر تک پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس فلم میں پاک چین شاہراہ قراقرم کی تعمیر میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے گمنام ہیروز کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔