عالمی توانائی بحران اور بین الاقوامی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال کے باوجود پاکستان میں ایندھن، بجلی اور ضروری اشیا کی فراہمی مستحکم رہی، جس کا سہرا حکومتی سطح پر موثر منصوبہ بندی اور بروقت اقدامات کو دیا جا رہا ہے۔
حکومت پاکستان نے ایندھن کے کم از کم چار ہفتوں کے ذخائر برقرار رکھتے ہوئے ملک بھر میں سپلائی کے تسلسل کو یقینی بنایا۔ اس دوران توانائی اور سپلائی سے متعلق امور میں بہتر رابطہ کاری کے لیے قومی رابطہ و انتظامی کونسل بھی تشکیل دی گئی۔
حکام کے مطابق تیل، اشیائے ضروریہ، زرمبادلہ کے ذخائر اور سپلائی چین کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کے لیے ریئل ٹائم ڈیش بورڈز متعارف کرائے گئے، جس سے فیصلہ سازی کے عمل کو مزید موثر بنایا گیا۔
حکومت نے تیل کی قیمتوں میں ممکنہ اتار چڑھا ئو، سپلائی میں رکاوٹوں اور مہنگائی کے خدشات سے نمٹنے کے لیے پیشگی منصوبہ بندی کا نظام اپنایا، جس کے نتیجے میں قیمتوں میں غیر ضروری اضافے کو روکنے اور اشیائے ضروریہ کی دستیابی برقرار رکھنے میں مدد ملی۔
حکومتی اقدامات کے باعث ایندھن، بجلی اور دیگر ضروری اشیا کی فراہمی بلا تعطل جاری رہی، جبکہ صنعتوں اور کاروباری سرگرمیوں کو بھی استحکام حاصل ہوا۔ ماہرین کے مطابق توانائی اور سپلائی انتظامات میں بہتری سے نہ صرف عوام کو ریلیف ملا بلکہ معاشی سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رکھنے میں بھی مدد ملی۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ موثر حکومتی انتظامات اور بروقت فیصلوں نے پاکستان کو عالمی توانائی بحران کے منفی اثرات سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔