وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال نے اسلام آباد میں کئی سال کے بعد صحت سہولت پروگرام کی بحالی کا اعلان کیا ہے جس سے شہریوں کو صحت کی معیاری خدمات مفت حاصل ہو سکیں گی۔
انہوں نے یہ اعلان اسلام آباد میں ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال کے دورے کے دوران کیا، جہاں انہوں نے صحت سہولت پروگرام کے تحت فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ لیا، جو اب وزیراعظم کے قومی صحت پروگرام کے طور پر کام کر رہا ہے۔
سید مصطفی کمال نے تجویز کی منظوری پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کو عوامی مفاد میں بحال کیا گیا ہے اور جڑواں شہروں کے 42 ہسپتالوں میں اس کا آغاز کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مستحق مریض اب اس سکیم کے تحت مفت علاج کروا سکتے ہیں، جس کا نفاذ اسلام آباد کی علاقائی حدود میں ہو گا۔