Tuesday, 11 February 2025, 10:51:16 am
 
پاکستان کی معیشت ترقی کے مرحلے میں داخل ہو گئی ہے، احسن اقبال
February 10, 2025

منصوبہ بندی اور ترقی کے وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت ترقی کے مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔

انہوں نے یہ بات آج (پیر کو)لاہور میں نیشنل سکول آف پبلک پالیسی میں سرکاری ملکیتی ادارے کے تحت ڈائریکٹرز کے تین روزہ تربیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ اقتصادی ترقی کا سحرا وزیراعظم محمدشہبازشریف کی ولولہ انگیز قیادت کے سر ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران مہنگائی کی شرح اڑتیس فیصد سے کم ہو کر چار فیصد پر آ گئی ہے اور بینک کا شرح منافع بائیس فیصد سے کم ہو کر بارہ فیصد ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ برآمدات اور ترسیلات زرمیں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین نے معاشی طور پر پاکستان کی اس وقت مدد کی جب کوئی دوسرا ملک پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے لئے تیار نہ تھا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سابق حکومت کے غیرذمہ دارانہ بیانات کے باعث سی پیک منصوبے کو شدید نقصان پہنچا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں دوہزار سینتالیس تک ترقیافتہ ملک بننے کے لئے اقتصادی اہداف پورے کرنے کیلئے خود کو تیار کرنا ہو گا۔