پاک بحریہ کے زیراہتمام پانچ روزہ بحری امن مشق 2025ء میں امن مکالمے کی اختتامی تقریب آج کراچی میں ہوئی۔
وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
احسن اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سمندری تحفظ کے لئے امن مکالمے کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ باہمی تجربات سے استفادہ کرنے کیلئے ایک اچھا پلیٹ فارم ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطے کو موسمیاتی تبدیلی کے علاوہ کئی مسائل کا سامنا ہے۔
وزیرمنصوبہ بندی نے کہا کہ سمندری شعبہ ترقی کے تسلسل میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
انہوں نے ترقی و خوشحالی کیلئے سمندری تجارت کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
پاک بحریہ کے سٹاف آپریشنز کے نائب سربراہ وائس ایڈمرل راجہ رب نواز نے کہا کہ بحری سلامتی مستقبل کی ترقی کیلئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے موجودہ مسائل بالخصوص انسانی اور ہتھیاروں کی سمگلنگ سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششیں اور تعاون کرنے پر زور دیا۔
بنگلہ دیش کی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نظم الحسن، آسٹریلیا کی بحریہ کے بیڑے کے کمانڈر ریئر ایڈمرل کرسٹوفرسمتھ اور معروف بحری ماہر ڈاکٹر کرسچین بوگرنے بھی تقریب سے خطاب کیا۔