Tuesday, 11 February 2025, 10:41:05 am
 
پاکستان اور ترکیہ کا دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پراتفاق
February 10, 2025

پاکستان اور ترکیہ نے دہشت گردوں کی مالی معاونت، دہشت گردی کے مقاصد کیلئے انٹرنیٹ کا استعمال اور انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیاہے۔

یہ اتفاق رائے آج(پیر کو) اسلام آباد میں پاک ترکیہ انسداد دہشت گردی مشاورت کے دوسرے دور میں ہوا۔

فریقین نے دہشت گردی کے عالمی اور علاقائی منظرنامے کا جائزہ لیا اور خطے اور دوسرے ملکوں میں دہشت گردوں کی تنظیموں سے درپیش خطرات پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے اپنے بہترین تجربات کا تبادلہ کیا اور انسداد دہشت گردی کے شعبے میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان جاری تعاون کا جائزہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو دیرینہ تنازعات کے حل کے ذریعے دہشت گردی کی بنیادی وجوہات کو دور کرنا ہو گا۔

وزارت خارجہ میں انسداد دہشت گردی کے ڈائریکٹر جنرل عبدالحمیدنے پاکستانی وفد جبکہ ترکیہ کی وزارت خارجہ میں انٹیلی جنس اور سکیورٹی کے ڈائریکٹر جنرل Kenan Yilmaz نے ترک وفد کی قیادت کی۔

مشاورت کا اگلہ دور انقرہ میں ہوگا جس کی تاریخوں کا تعین باہمی مشاورت سے کیا جائے گا۔