صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے یوم ولادت پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں میں سیاسی شعور بیدار کیا اور انہیں اپنی الگ قومی شناخت پہچاننے اور اسے منوانے کا حوصلہ دیا۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ علامہ اقبال کی شاعری نے استحصال کو چیلنج کیا، غریبوں میں بیداری کا پیغام اور محنت کی عظمت کو اجاگر کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ علامہ محمد اقبال کے لازوال افکار آج بھی ہماری فکری سوچ کو وسعت دے رہے ہیں اور نوجوانوں سمیت آنیوالی نسلوں کی ذہنی و فکری تربیت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت آج سے علامہ اقبال کی سالگرہ کی تقریبات کے سلسلے میں سال بھر کی سرگرمیوں کا آغاز کرے گی جو آئندہ سال نو نومبرکو اختتام پذیر ہوں گی۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے قومی شاعر اور مفکر علامہ محمد اقبال کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
ایکس پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کی لازوال شاعری اور انیس سو تیس میں تاریخی خطبہ الہ آباد سے برصغیر کے مسلمانوں کی امنگوں کی ترجمانی اور پاکستان کی نظریاتی بنیادیں فراہم ہوئیں۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ اقبال کا خودی اور خود انحصاری کا پیغام ہمیں یاد دلاتا ہے کہ کسی قوم کی طاقت اس کے عوام کے کردار، آزادانہ سوچ اور ثابت قدمی میں ہوتی ہے۔