قومی شاعر اور مفکر ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے آج صبح لاہور میں ان کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی سادہ اور پُروقار تقریب منعقد ہوئی۔
پاک بحریہ کے چاق چوبند دستے نے پاکستان رینجرز پنجاب سے مزار پر اعزازی گارڈز کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
پاک بحریہ کے اسٹیشن کمانڈر لاہور کموڈور مصباح الامین تقریب کے مہمان خصوصی تھے جنہیں اس موقع پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
بعد ازاں منصوبہ بندی و ترقی کے وزیر احسن اقبال نے ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے مزار پر حاضری دی۔
انہوں نے مزار پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کرتے ہوئے قومی شاعر کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔
بعد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ علامہ اقبال کا فلسفہ خاتم النبین حضرت محمد ۖ سے محبت پر مبنی ہے، جو اُمت مسلمہ میں روحانی قوت کا سرچشمہ ہے۔
قومی ورثہ و ثقافت کے وزیر محمد اورنگزیب خان کھچی نے بھی لاہور میں مزارِ اقبال پر حاضری دی۔
انہوں نے اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ قوم علامہ اقبال کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو گی جو آنے والی نسلوں کے لیے بھی انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔