وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو صحت کی ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔وہ کراچی میں آغا خان یونیورسٹی مینول آف کلینیکل پریکٹس گائیڈ لائنز کی تقریب رونمائی سے خطاب کر رہے تھے۔وزیراعظم نے ملک کی سماجی اور اقتصادی ترقی کے لئے معاون اقدامات کے حوالے سے آغاخان خاندان کے تعاون کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ آغاخان یونیورسٹی مینوئل آف پریکٹس گائیڈ لائنز ایک قیمتی ذریعہ ہے جو لوگوں کو اعلیٰ معیار کی دیکھ بھال فراہم کرنے کے لئے ہسپتالوں اور صحت کی سہولیات کے لئے رہنمائی کا کام کر سکتا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ تمام پاکستانیوں کیلئے معیاری صحت کی دیکھ بھال ہمیشہ ایک اہم ترجیح رہی ہے جس کی عکاسی ان کے وزیر اعلیٰ کے دور میں پنجاب کے مثالی ٹریک ریکارڈ سے ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کی تیزی سے ترقی کرنے والی دنیا میں صحت کی دیکھ بھال میں جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور ٹیلی میڈیسن کا استعمال ایک ضرورت ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ وہ اس بات پر پختہ یقین رکھتے ہیں کہ آغا خان یونیورسٹی اور سرکاری سیکٹر جیسے ویژنری اداروں کے درمیان شراکت داری اور تعاون پاکستان کے صحت کی دیکھ بھال کے منظر نامے کو تبدیل کرنے کے لئے اہم ہیں۔