صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے سب کیلئے مساوی، جامع اور معیاری تعلیم یقینی بنانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ہے۔
آج خواندگی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے تعلیمی اداروں اور سول سوسائٹی پر زور دیا کہ خواندگی کی شرح بہتر بنانے اور معیاری تعلیمی نظام قائم کرنے کیلئے ملکر کام کریں۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بنیادی خواندگی کے ساتھ تنقیدی سوچ، ڈیجیٹل مہارتوں اور عملی صلاحیتوں کو بھی فروغ دیا جانا چاہیے تاکہ لوگ علم پر مبنی عالمی معیشت میں موثر طور پر حصہ لے سکیں۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت ملک بھر میں خواندگی کی شرح بڑھانے کیلئے صوبائی حکومتوں اور متعلقہ فریقوں کیساتھ ملکر جامع حکمت عملی پر کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دانش سکولز جیسے اقدامات اس عزم کی عکاسی کرتے ہیں کہ کسی بچے کی معیاری تعلیم تک رسائی کا انحصار اس کے سماجی و معاشی حالات پر کبھی نہیں ہونا چاہیے۔