ملک کے دیگر علاقوں کی طرح سندھ کے عوام نے بھی نئے انتظامی یونٹس کے قیام کا مطالبہ کیا ہے۔
سندھ سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامی ڈھانچے میں بہتری سے عوامی مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ سندھ میں نئے انتظامی یونٹس قائم ہونے چاہئیں تاکہ عوامی مسائل مقامی سطح پر جلد حل کیے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ اندرون سندھ کے مختلف علاقوں میں بجلی، پانی، گیس، سڑکوں اور ہسپتالوں سمیت بنیادی سہولیات کی شدید کمی ہے۔
شہریوں نے شکوہ کیا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے مطلوبہ ترقیاتی کام نہیں کیے گئے، جس کے باعث سڑکوں، ہسپتالوں اور سکولوں کی سہولیات بھی ناکافی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں سہولیات کی فراہمی بہتر ہو سکتی ہے۔
شہریوں کے مطابق نئے انتظامی فریم ورک کے ذریعے وسائل کی منصفانہ تقسیم، انتظامی امور میں بہتری اور عوام کو بہتر سروسز کی فراہمی یقینی بنائی جا سکتی ہے۔