فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کا ہر جگہ تعاقب کرنے اور انہیں کیفرِ کردار تک پہنچانے کے حوالے سے پختہ عزم اور واضح سوچ رکھتی ہیں۔
انہوں نے یہ بات بلوچستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے حوالے سے آج راولپنڈی میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔
احمد شریف چوہدری نے کہا کہ 'فتنہ الہندوستان' کے دہشت گرد صوبے میں بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں چون خوارج ہلاک ہوئے، جبکہ بہادر شہریوں اور بلوچستان پولیس کے جانباز اہلکاروں سمیت بیالیس افراد شہید ہوئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے ان کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان دہشت گردانہ سرگرمیوں کے پیچھے بھارت اور پاکستان کے دیگر دشمن ہیں کیونکہ وہ پاکستان کے استحکام، خوشحالی اور وقار کو برداشت نہیں کر پا رہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد افغان طالبان کے زیرِ کنٹرول علاقے کو کارروائیوں کے مرکز کے طور پر استعمال کر رہے ہیں اور افغان طالبان انہیں سہولت کاری اور افرادی قوت فراہم کر رہے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ یہ عناصر مایوسی کا شکار ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ تمام غیر قانونی افغان باشندوں کو پاکستان سے واپس بھیج دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کو اپنی سرزمین سے دہشت گردی کے خاتمے کے عزم سے باز نہیں رکھ سکتے۔
مسلح افواج کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ بلا تفریق ہر دہشت گرد اور سہولت کار کا مقابلہ کریں گے۔