وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے شکاگو میں پاکستانی نژاد امریکی سرمایہ کاروں، صنعت کاروں، کاروباری شخصیات، ٹیکنالوجی ماہرین اور مالیاتی شعبے سے وابستہ ممتاز افراد کے ایک اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہیں پاکستان کی معاشی ترقی، سرمایہ کاری، اختراع اور علم پر مبنی معیشت کی تعمیر میں فعال کردار ادا کرنے کی دعوت دی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت کی معاشی اصلاحات کے نتیجے میں ملک دوبارہ معاشی استحکام کی راہ پر گامزن ہوا ہے، مہنگائی اور شرحِ سود میں کمی آئی ہے، جبکہ پاکستان کو عالمی سطح پر معاشی بحالی کی ایک کامیاب مثال کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ اپنی سرمایہ کاری، مہارت اور پیشہ ورانہ تجربے کے ذریعے ملک کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں۔
احسن اقبال نے شرکاء کو حکومت کے قومی معاشی تبدیلی کے پروگرام "اڑان پاکستان" سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے مثبت کردار سے عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔
دورۂ شکاگو کے دوران وفاقی وزیر نے یورنیورسٹی آف شکاگوکے مختلف شعبوں کے سربراہان اور ماہرین سے ملاقاتیں کیں، جن میں عوامی پالیسی، تعلیمی اصلاحات، انسانی وسائل کی ترقی اور موسمیاتی تبدیلی پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
انہوں نے ترقیاتی ماہرِ معاشیات ڈاکٹر کرسٹینا براؤن، ریسرچ ڈائریکٹر زوہیب حسن اور انسٹی ٹیوٹ برائے موسمیاتی و پائیدار ترقی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سیم اوری سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں تعلیمی نصاب، موسمیاتی تبدیلی، تحقیق، تربیتی تعاون اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس کے ساتھ اشتراک کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
دورے کے اختتام پر تمام فریقوں نے اقتصادی تعاون، انسانی وسائل کی ترقی، تعلیمی اصلاحات، موسمیاتی لچک اور علم پر مبنی معیشت کے فروغ کے لیے باہمی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔