Wednesday, 08 July 2026, 11:31:12 pm
 

مزید خبریں

 
سرحد پار سے ہونیوالی دہشت گردی کو پوری ریاستی طاقت سے کچل دیا جائے گا: چیف آف ڈیفنس فورسز
July 08, 2026

چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کو ریاست کی پوری طاقت کے ساتھ کچل دیا جائے گا۔

انہوں نے یہ بات آج نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد میں ''نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس'' کے فارغ التحصیل افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں تمام مسلح افواج کے شرکا شامل تھے۔

سید عاصم منیر نے کہا کہ مسلح افواج، قوم کے تعاون سے، اس بات کو یقینی بنائیں گی کہ دہشت گردوں کے آلہ کاروں اور ان کے ٹھکانوں اور سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ مسلح افواج پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے دشمن کے خفیہ اداروں کی جانب سے ریاستی سرپرستی میں کی جانے والی کوششوں سے پوری طرح آگاہ ہیں۔

فیلڈ مارشل نے جنگ کے ابھرتے ہوئے کردار پر روشنی ڈالی اور پیچیدہ تزویراتی مسائل کے حل کے لیے واضح حکمت عملی اور ادارہ جاتی پیشہ ورانہ مہارت کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔

انہوں نے مستقبل کی فوجی سول قیادت کو پروان چڑھانے میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی جیسے اعلیٰ اداروں کے کردار کی تعریف کی جو دور اندیشی، اعتماد اور عزم کے ساتھ ہائبرڈ، روایتی اور ذیلی روایتی خطرات کو کم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج جنگ کی نوعیت کے مطابق اپنی تعیناتی اور ترقیاتی حکمت عملی کو ازسرنو ترتیب دے رہی ہیں۔

فیلڈ مارشل نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، حوصلے اور آپریشنل تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔