وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کو پولیو سے پاک بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
آج اسلام آباد میں پولیو اوورسائیٹ بورڈ کے 7 رکنی وفد سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ اہم قومی ترجیح ہے اور تمام شراکت داروں پر زور دیا کہ وہ مشترکہ کوششیں مزید تیز کریں۔
وزیرِ اعظم نے انسداد پولیو کیلئے حکومت پاکستان کے ساتھ مسلسل تعاون پر تمام شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کے بچوں کے مستقبل کو پولیو جیسے موذی مرض سے بچانے کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو جنوبی خیبر پختونخوا کے پولیو کے خطرات سے دوچار علاقوں کیلئے خصوصی اور مؤثر حکمتِ عملی اپنانے کی ہدایت کی۔
وفد نے پولیو سے پاک پاکستان کیلئے حکومت کے مؤثر اقدامات کو سراہا۔