Wednesday, 08 July 2026, 11:27:30 pm
 

مزید خبریں

 
وفاقی کابینہ نے حج پالیسی اور پلان دو ہزار ستائیس تا دو ہزار تیس کی منظوری دے دی
July 07, 2026

وفاقی کابینہ نے حج پالیسی اور پلان دو ہزار ستائیس تا دو ہزار تیس کی منظوری دے دی ہے۔

کابینہ کا اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت آج اسلام آباد میں ہوا جس میں حج پالیسی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ ایک سال کی حج پالیسیوں کے برعکس نئی حج پالیسی پاکستان کی پہلی چار سالہ حج پالیسی اور منصوبے پر مشتمل ہے۔ اس پالیسی کے تحت طویل المدتی منصوبہ بندی، بہتر آپریشنز اور حجاج کرام کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی۔ مجوزہ پالیسی کے نفاذ کے لیے ایس او پیز اور دیگر ضوابط وضع کیے جائیں گے۔ پالیسی کو سعودی قوانین اور قواعدوضوابط سے ہم آہنگ رکھنے کیلئے ضرورت پڑنے پر ترامیم بھی کی جاسکیں گی۔

کابینہ کو مزید بتایا گیا کہ پالیسی کے تحت عازمین حج سالانہ رجسٹریشن کے بجائے دوہزار تیس تک کسی بھی سال حج کے لیے رجسٹریشن حاصل کر سکیں گے۔ جس کے تجت ترجیحی ویٹنگ لسٹ تیار کی جائے گی اس کے علاوہ شرعی تقاضوں کے مطابق ایک بچت اسکیم متعارف کرائی جا رہی ہے، جو عازمین حج کو مستقبل میں حج کرنے کے لیے بچت منصوبے سے فائدہ اٹھانے کے قابل بنائے گی۔

اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ پورے حج مینجمنٹ سسٹم کو ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے جس میں ڈیجیٹل ادائیگی کے طریقہ کار بھی شامل ہیں۔ ایک ڈیجیٹل شکایت مینجمنٹ سسٹم اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ بھی متعارف کرائی جائے گی۔

پالیسی کے تحت سرکاری اور نجی حج سکیموں کے لیے الگ الگ کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔ اس پالیسی میں طویل اور مختصر دورانیے کے حج پروگرام بھی متعارف کرائے گئے ہیں، جبکہ عازمین کے لیے لازمی تربیت، تکافل کے انتظامات اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے طریقہ کار کو بھی اس کا حصہ بنایا گیا ہے۔