Saturday, 08 February 2025, 03:01:54 am
 
مضبوط پالیسیاں پاکستان کے معاشی استحکام کوآگے بڑھارہی ہیں،فچ رپورٹ
February 07, 2025

عالمی درجہ بندی کرنے والے ادارے"فچ ریٹنگز" نے کہاہے کہ مستحکم ترسیلات زر ،مضبوط زرعی برآمدات اور پالیسی کا سخت نظام پاکستان کے معاشی استحکام اور بیرونی بفرز کی تعمیر نو میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔

امریکہ میں قائم فچ ریٹنگز کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان اقدامات سے دسمبر 2024 تک کے چھ ماہ کے دوران پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ تقریبا ًایک ارب بیس کروڑ ڈالر سرپلس رہاجبکہ 2023میں فارن ایکسچینج مارکیٹ اصلاحات نے بھی اس تبدیلی کو آسان بنایا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ معاشی سرگرمی، پالیسی کے سخت نظام کو اپنانے کے بعد اب استحکام اور گرتی ہوئی شرح سود سے مستفید ہو رہی ہے اور رواں مالی سال میں حقیقی ویلیو ایڈڈ میں تین فیصد اضافے کی توقع ہے۔

اس میں مزید کہا گیا ہے کہ پالیسی ریٹس میں کٹوتی نے اشیائے صرف کی قیمتوں میں افراط زر کو کم کرنے میں مزید مدد کی، جو پچھلے مہینے میں صرف دو فیصد تک گر گئی، جو پچھلے سال کے تقریبا ً24 فیصد کی اوسط سے کم ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جون 2022 کے بعد پہلی بار پاکستان کے نجی شعبے کے قرضے میں بھی حقیقی معنوں میں گزشتہ سال اکتوبر میں مثبت تبدیلی آئی ہے۔

صوبوں نے بھی زیادہ زرعی آمدنی پر ٹیکس عائد کرتے ہوئے قانون سازی کی ہے۔