Friday, 06 November 2026, 09:17:56 pm
 

مزید خبریں

 
پاکستان بیس سال بعد سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرے گا
November 06, 2026

پاکستان بیس سال کے وقفے کے بعد سمندر میں تیل اور گیس کی تلاش کی سرگرمیاں دوبارہ شروع کر رہا ہے، جس کے لیے ترک پٹرولیم کے زیرِ استعمال ارضیاتی سروے کا ایک بحری جہاز رواں ماہ کراچی پہنچے گا۔

اسلام آباد میں وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی زیرِ صدارت ایک اجلاس میں ترک جہاز کی آمد کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

ترک پٹرولیم کے بحری جہاز کا رواں ماہ کی سترہ سے بیس تاریخ کے درمیان پاکستان پہنچنے کا امکان ہے۔

اجلاس میں جہاز کی آمد اور سمندر میں تیل اور گیس کی تلاش کی سرگرمیوں کے لیے سیکیورٹی، سمندری اور عملی انتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان سمندر میں تیل اور گیس کی تلاش کے منصوبے میں ترکیہ کو مکمل تعاون فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے پاکستان میں توانائی کی دستیابی میں نمایاں بہتری آئے گی اور دونوں برادر ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون مضبوط ہوگا۔