Friday, 06 November 2026, 09:18:04 pm
 
وزیراعظم کی ملک بھر میں انٹرنیٹ کی دستیابی اور ٹیکنالوجی تک آسان رسائی یقینی بنانے کی ہدایت
November 06, 2026

وزیراعظم شہباز شریف نے کیش لیس معیشت کے فروغ کے لیے ملک بھر میں انٹرنیٹ کی دستیابی اور عوام کو ٹیکنالوجی تک آسان رسائی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

وہ اسلام آباد میں کیش لیس معیشت کے فروغ کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کیش لیس معیشت کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کیش لیس معیشت کے فروغ کے لیے وزارت خزانہ اور تمام متعلقہ سرکاری اداروں کی جاری کوششوں کو سراہا۔

شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ملک بھر میں سو فیصد ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نظام قائم کرنے کے لیے مخصوص مدت اور اہداف پر مشتمل واضح لائحہ عمل پیش کیا جائے۔