وزیر تجارت جام کمال خان نے اقتصادی یکجہتی کو مضبوط بنانے، تجارتی مالی معاونت تک رسائی بہتر بنانے اور او آئی سی ممالک کے درمیان تجارت بڑھانے کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا ہے۔
وہ استنبول میں اقتصادی و تجارتی تعاون کی تنظیم کی قائمہ کمیٹی کے بیالیسویں وزارتی اجلاس کے اختتامی سیشن سے خطاب کر رہے تھے۔
جام کمال خان نے ترکیہ کی حکومت اور عوام کی جانب سے پرتپاک مہمان نوازی اور بہترین انتظامات پر اظہارِ تشکر کیا۔
انہوں نے سرحد پار تجارتی لین دین میں سہولت اور تجارتی مالی معاونت تک رسائی بہتر بنانے کے لیے قومی قانونی، ضابطہ جاتی اور نگرانی کے نظام کو مضبوط اور ہم آہنگ بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیر تجارت نے او آئی سی کے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ قریبی رابطہ برقرار رکھیں، شراکت داری کو مزید مضبوط بنائیں اور ایسے عملی اقدامات کریں جن سے مشترکہ وعدوں کو اپنے عوام کے لیے ٹھوس معاشی اور ترقیاتی فوائد میں تبدیل کیا جا سکے۔