وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستانی برآمدات کے فروغ، پاکستانی مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی میں اضافے اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار سمیت مقامی صنعتوں کو برآمدی معیار سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
اس حوالے سے فیصلہ آج وزیرِ اعظم کی زیر صدارت اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ برآمدات میں اضافے کیلئے صنعتوں میں تیارکردہ مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی کلیدی اہمیت کی حامل ہے اور جدید خطوط پر استوار ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اسکی راہ ہموار کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ زرعی مصنوعات کی برآمد کا پورا ایکو سسٹم، بشمول پوری ویلیو چین، بنایا جائے گا۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ شفاف طریقے سے میرٹ پر اچھی تربیت یافتہ افرادی قوت کو اتھارٹی کا حصہ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اصلاحات تب ہی ممکن ہیں جب اداروں میں ترقی کو اہداف کے حصول اور کارکردگی سے مشروط کیا جائے۔
انہوں نے اتھارٹی کی پرفارمنس اور فنانشل آڈٹ کیلئے اچھی شہرت یافتہ نجی آڈٹ فرم کی خدمات حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی برآمدی استعداد وسیع اور جغرافیہ موزوں ترین ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت برآمدات میں اضافے کیلئے صنعتوں اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار کو سہولت فراہم کررہی ہے، تاکہ ان خصوصیات سے بھرپور استفادہ کیا جا سکے۔
اس موقع پر بریفنگ میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ عالمی معیار کے تجارتی فروغ کے ادارے میں تبدیل کرنے کیلئے اصلاحات بھی پیش کی گئیں۔
مجوزہ اصلاحات پرعملدرآمد کیلئے منظوری، ڈیزائن، نفاذ اور آزادانہ جانچ پر مشتمل بارہ ماہ کا مرحلہ وار منصوبہ بھی پیش کیا گیا۔
وزیرِاعظم نے ان اصلاحات کو آئندہ سال کے وسط میں مکمل کرکے اطلاق یقینی بنانے کی ہدایت کی۔