Tuesday, 06 May 2025, 04:58:01 pm
 
رضوان سعید شیخ کا پہلگام واقعے کی غیر جانبدارانہ ،آزادانہ انکوائری کا مطالبہ
May 06, 2025

امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے پہلگام واقعے کی غیر جانبدار، قابل اعتماد، اور آزادانہ طور پر انکوائری کا مطالبہ کیا ہے ۔

پاکستانی سفارت خانہ واشنگٹن، ڈی سی میں ممتاز امریکی تھنک ٹینک کے نمائندگان کو پہلگام واقعے کے بعد پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے رضوان سعید شیخ نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے اب تک کوئی ایک بھی ثبوت پاکستان یا دنیا کے سامنے نہیں رکھا گیا۔

پاکستان کے سفیر نے 2019 کے پلوامہ واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب بھارت کی جانب سے پاکستان پر اس طرح کے غیر منطقی الزامات لگائے گئے ہوں۔

رضوان سعید شیخ نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں اٹھائے گئے یکطرفہ اور غیر قانون اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ علاقہ اس وقت دنیا کی سب سے بڑی جیل بن چکا ہے جہاں میڈیا، انٹرنیٹ اور نقل و حرکت پر پابندیاں ہیں اور جس سے جبر کا ماحول پیدا ہوا ہے۔

انہوں نے بھارت کی شدت پسندانہ بیان بازی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے جنگی جنون اور تسلط پسندانہ روش نے علاقائی امن اور استحکام  کو دائو پر لگا دیا ہے۔

پاکستان کی طرف سے دہشت گردی کی مذمت کا اعادہ کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔ گذشتہ سال ملک میں ایک ہزار کے قریب دہشت گردی کے واقعات ہوئے جو 2023 کے مقابلے میں 40 فیصد زیادہ ہیں۔

سفیر پاکستان نے پاک بھارت کشیدگی کم کرنے کے اور امن کی حمایت پر امریکہ، چین، برطانیہ، سعودی عرب، ایران اور دیگر ممالک کی حکومتوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ بحران نے عالمی طاقتوں کو تنازعہ کشمیر حل کرنے کا ایک اور موقع فراہم کیا ہے ۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ ہمارا ایجنڈا معاشی ترقی ہے اور ہم عزت و وقار کے ساتھ امن کے قیام پر یقین رکھتے ہیں۔