پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عالمی اورعلاقائی امن کی خاطر جنوبی ایشیاء میں کشیدگی کے خاتمے کے لئے اقدامات کرے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخارنے نیویارک میں سلامتی کونسل کے اجلاس کے بعد صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی کارروائیاں خطے میں امن و استحکام کے لئے سخت خطرہ
ہیں اورمذاکرات ہی مسائل کوحل کرنے کا واحد راستہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان اوربھارت کے درمیان ایک دیرینہ تنازع ہے جو سات دہائیوں سے حل طلب ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ اورمظلوم کشمیریوں پربھارتی مظالم جاری ہیں۔
عاصم افتخارنے سلامتی کونسل کے ارکان کوبتایا کہ پاکستان پہلگام واقعے کی آزادانہ اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کے لئے تیارہے۔
پاکستان کے مستقل مندوب نے بھارت کی طرف سے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا معاملہ بھی اٹھایا۔