Tuesday, 06 May 2025, 08:22:09 pm
 
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا پاک،بھارت کشیدگی میں کمی کیلئے مذاکرات پرزور
May 06, 2025

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایجنڈے میں شامل پاک بھارت کوئسچن کے معاملے پر بند کمرے کا مشاورتی اجلاس ہوا۔

اجلاس میں علاقائی سلامتی کی بگڑتی ہوئی صورتحال، پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر سیر حاصل بحث ہوئی۔

یہ اجلاس بھارت کی جانب سے حالیہ یکطرفہ اقدامات اور اشتعال انگیز بیانات کے تناظر میں پاکستان کی درخواست پر طلب کیا گیا جس کی وجہ سے عسکری محاذ آرائی اور علاقائی و بین الاقوامی امن و سلامتی کولاحق خطرات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

اجلاس کے دوران کونسل کے ارکان نے بڑھتی ہوئی کشیدگی کے خطرے پر گہری تشویش ظاہر کی اور ضبط و تحمل کا مظاہرہ کرنے اور کشیدگی میں کمی لانے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ارکان نے کشیدگی اور فوجی محاذ آرائی اور تنازعے میں کمی لانے اور مسائل کے پر امن حل کے لئے مذاکرات اور سفارتکاری پر زور دیا۔