وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے واشنگٹن میں عالمی قانون، انصاف اور ترقی فورم دو ہزار چھبیس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
ورلڈ بینک گروپ ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ اس فورم میں دنیا بھر سے چالیس سے زائد وزرا اور اعلی قانونی ماہرین نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر نے نجی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ضروری قانونی اصلاحات سے متعلق وزارتی گول میز اجلاس میں بھی شرکت کی۔
اعظم نذیر تارڑ نے کاروبار میں آسانی سے متعلق قانون سازی، ون ونڈو بزنس پورٹل اور سرمایہ کاروں کے لیے ون اسٹاپ شاپ سمیت پاکستان کے اقدامات کو اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ تجارتی تنازعات کا فوری حل یقینی بنانے کے لیے خصوصی تجارتی عدالتوں، ثالثی کے طریقہ کار اور نئے ثالثی قانون پر کام جاری ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں اور وہ بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ قانونی اصلاحات کے تجربے کے تبادلے کیلئے تیار ہے۔