Friday, 06 November 2026, 09:17:49 pm
 
حکومت چھوٹے، درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی استعداد بڑھانے کے لیے تعاون کرے گی، وزیراعظم
November 05, 2026

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی استعداد بڑھانے، مہارتوں میں بہتری لانے اور کاروباری مواقع میں اضافے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

وہ آج اسلام آباد میں برآمدات کے شعبے میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو سہولتیں فراہم کرنے کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

شہباز شریف نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی ترقی کے فروغ کے لیے حکومتی سرپرستی اور سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے طویل مدتی قرضوں کے حصول کے لیے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں پر اپنی کم از کم اسی فیصد مصنوعات برآمد کرنے کی شرط ختم کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی بینک کو چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں اور برآمد کنندگان کے لیے رعایتی قرضوں کی اسکیم سے انحراف کی اجازت نہیں دی جائے گی۔