Thursday, 25 April 2024, 05:06:37 pm
بھارت کے غیرقانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے تمام شہدا کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں:وزیراعظم
August 05, 2022

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیرقانونی اور یکطرفہ اقدامات کو تین سال مکمل ہوگئے ہیں جن کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر کی عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت تبدیل کرنا ہے۔ آج متعدد ٹویٹس میں انہوں نے کہا کہ بھارتی اقدامات کا مقصد مقبوضہ وادی میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ دہائیوں سے بھارت نے مکمل استثنی کے ساتھ بہیمانہ طاقت استعمال کی ہے۔انہوں نے کہا کہ بہادر کشمیریوں نے نسل در نسل خوف، دھمکیوں ، تشدد اور انسانی حقوق کی بدترین سنگین خلاف ورزیوں کا سامنا کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی مظالم ان کے عزم کو نہیں توڑ سکتے۔ شہباز شریف نے کہا کہ آ ج ہم بھارت کے غیرقانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے تمام شہدا کو ان کی قربانیوں اور ان کے خاندانوں کے عزم و حوصلے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔