منصوبہ بندی وترقی کے وزیر احسن اقبال نے چین کی جانب سے دی گئی زرعی مشینری کی صوبوں میں فوری اورمنصفانہ تقسیم کی ہدایت کی ہے ۔
انہوں نے آج اسلام آباد میں سی پیک کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی محکمے دس روز کے اندر متعلقہ محکموں کو مشینری تقسیم کردیں۔
اجلاس کو بتایاگیا کہ وقف کی گئی مشینری میں چالیس ٹریکٹر، فصل کی کٹائی کے مختلف اوزار اور دیگر مشینری شامل ہے جس سے پاکستان میں زرعی تحقیقی اداروں اور کاشتکاروں کی استعدا دکار میں اضافہ ہوگا اور ملک کے غذائی تحفظ اور معاشی ترقی میں مدد ملے گی۔
منصوبہ بندی کے وزیر نے پاور ڈویژن ، کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی اور بحری امور کی وزارت کو ہدایت کی کہ وہ گوادر کے جنوبی فری زون میں بجلی کی ترسیلی لائن کی تکمیل یقینی بنائیں تاکہ بارہ لاکھ گیلن یومیہ کھارے پانی کو صاف کرنے کا منصوبہ جلد فعال ہوسکے۔