Monday, 06 July 2026, 03:21:57 am
 
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی خصوصی ہدایت پر محنت کش خاندانوں کے لیے تاریخ ساز اقدام
July 05, 2026

وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کے وژن اور محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت کے عزم کے تحت، وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل کی ترقی چوہدری سالک حسین نے ورکرز ویلفیئر فنڈ کے سیکرٹری ذوالفقار احمد کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے ملک بھر کے رجسٹرڈ محنت کشوں کے مزید ایک لاکھ بچوں کو جماعت اول سے ایف اے (انٹرمیڈیٹ) تک تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے منصوبے پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

یہ اقدام محض تعلیمی سہولیات میں اضافہ نہیں بلکہ محنت کش طبقے کے لیے ریاست کے اعتماد، احترام اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ یہ تاریخی اقدام وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت کے اس عزم کا عملی اظہار ہے کہ ملک کے ہر محنت کش خاندان کو ترقی اور خوشحالی کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی صرف صنعتوں سے وابستہ نہیں، بلکہ اُن محنت کشوں کے بچوں کی تعلیم سے جڑی ہوئی ہے جو ان صنعتوں کو اپنے خون پسینے سے چلائے رکھتے ہیں۔ آج ہم صرف ایک لاکھ مزید بچوں کو تعلیمی سہولت فراہم نہیں کر رہے، بلکہ ایک لاکھ خاندانوں کو امید، وقار اور بہتر مستقبل دے رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے، نہ کہ کسی مخصوص طبقے کا استحقاق۔ محنت کشوں کے بچوں کو بھی وہی مواقع حاصل ہونے چاہئیں جو معاشرے کے دیگر بچوں کو میسر ہیں۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس منصوبے کے ذریعے ملک بھر میں تعلیمی رسائی کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ کوئی بھی مستحق بچہ محض مالی مشکلات کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہ رہے۔

چوہدری سالک حسین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ورکرز ویلفیئر فنڈ کو ایک جدید، مؤثر اور عوام دوست ادارہ بنایا جائے گا، جہاں ہر پالیسی اور ہر اقدام کا مرکز محنت کش اور اس کا خاندان ہوگا۔