بلوچستان کے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کرنے اور پورے صوبے میں پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لیے وسیع پیمانے پر اصلاحات اور ترقیاتی اقدامات پرعمل درآمد کر رہی ہے۔
انہوں نے یہ بات ''ایکس اسپیس'' پر ایک کھلی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں نقادوں، این جی اوز کے نمائندوں اور قوم پرست حلقوں کے لوگوں سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ''یوتھ انگیجمنٹ پلان'' کے تحت گوادر سمیت صوبے کے ہر ضلع میں نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع بڑھانے کی غرض سے کئی منصوبوں پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے ''بہبود تعلیم فنڈ'' اور اسکالرشپ پروگراموں کے لیے خصوصی فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ صوبے بھر کے تمام سرکاری اسکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں اور صحت کے مراکز کو تیز رفتار انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کے لیے چار ارب روپے کا ایک منصوبہ بھی شروع کیا گیا ہے۔
امن عامہ کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کی انتہائی مضبوط اور پیشہ وارانہ صلاحیت کی حامل مسلح افواج کی موجودگی میں مٹھی بھرشرپسند عناصر ریاست کی عملداری کو کمزور نہیں کر سکتے۔