وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے قانون کی بالادستی اور اس کے من و عن نفاذ پر زور دیا ہے۔
وہ آج لاہور میں پنجاب بار کونسل کی ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ بار اور ووکیشنل ٹریننگ پروگرام کی تکمیل پر وکلا کو مبارکباد دیتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پنجاب بار کونسل وکلا برادری کے لیے بہتر اقدامات کر رہی ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے ایک ایسی جامع پالیسی وضع کرنے کی ضرورت پر زور دیا جس کے تحت بار کسی وکیل کا ساتھ صرف ان مقدمات میں دے گی جن میں وکیل کی جانب سے کوئی جارحیت یا بدتمیزی کا مظاہرہ نہ کیا گیا ہو۔
انہوں نے وکلا کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی شکایات متعلقہ ضلعی یا تحصیل بار ایسوسی ایشن میں درج کروائیں اور بار کونسل کے مقامی رکن کو اس عمل میں شامل کریں۔