امور کشمیر اور گلگت بلتستان کے وزیر امیر مقام نے کہا ہے کہ حکومت کشمیر ایکشن کمیٹی کے تمام متفقہ مطالبات پرمن وعن عملدرآمد کیلئے مکمل طورپر پرعزم ہے ۔
اسلام آباد میں وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے پہلے ہی کمیٹی کے کئی مطالبات پورے کردئیے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ قتل کے پندرہ مقدمات کے علاوہ تمام ایف آئی آر خارج کردی گئی ہیں جبکہ زیرحراست تمام مظاہرین کو رہا کردیا گیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا حجم کم کرنے کیلئے کئی محکمے ضم کردئیے گئے ہیں اور اب اکیس محکمے بیس سیکرٹریوں کے زیر نگرانی کام کررہے ہیں۔
جائیداد کی منتقلی کے مسئلے پرانہوں نے کہا کہ یہ معاملہ صدر کو بھجوا دیا گیا ہے جو اس سلسلے میں مناسب آرڈنینس جاری کریں گے۔