افغانستان کے مختلف صوبوں میں طالبان مخالف گروہوں کی کارروائیوں میں تیزی آگئی ہے۔
افغان رجیم کے مخالف مزاحمتی گروہوں "نیشنل انڈیپینڈنس فرنٹ" اور "افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ" نے تازہ حملوں کے دعوے کئے ہیں۔
نیشنل انڈیپینڈنس فرنٹ کے مطابق صوبہ بدخشاں میں طالبان کی وزارتِ معدنیات کے نائب وزیر عبدالمتین سعید کے قافلے پر راکٹ حملہ کیا گیا، جس میں 6 محافظ ہلاک اور 5 زخمی ہوئے۔
افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ کے مطابق صوبہ قندھار کے ضلع ارغنداب میں چیک پوسٹ پر مسلح کارروائی کے دوران ایک طالبان اہلکار ہلاک ہوا، جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ قبضے میں لے لیا گیا۔
افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ نے مزید دعویٰ کیا کہ اس کے جنگجوئوں نے سرِپل کے ضلع البدر میں طالبان چوکی پر مسلح حملے اور شدید جھڑپ کے بعد چوکی پر قبضہ کر لیا۔ اس کارروائی میں طالبان کا ایک اہلکار ہلاک اور 3 زخمی ہوئے۔