Thursday, 05 November 2026, 05:12:36 pm
 
پاکستان اور سعودی عرب کا دوطرفہ روابط مزید مستحکم بنانے کا عزم
November 04, 2026

پاکستان اور سعودی عرب نے قریبی روابط برقرار رکھنے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے عملی امکانات کی تلاش جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

اس عزم کا اظہار تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر راجح تامی البقمی کے درمیان آج اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے دونوں برادر ممالک کے تاریخی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لیے تعلیمی اور ثقافتی تعاون کو اجاگرکیا اور مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ڈاکٹر راجح تامی البقمی نے دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کو سراہا اور تعلیم، عربی زبان کے فروغ اور ثقافتی تبادلوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے مزید مواقع تلاش کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔