Saturday, 05 September 2026, 12:01:13 pm
 
بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 48 دہشت گرد ہلاک
September 04, 2026

سکیورٹی فورسز نے گزشتہ اڑتالیس سے بہتر گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں مختلف کارروائیوں میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے اڑتالیس دہشت گردوں کو ہلاک کیا ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لاتے ہوئے گزشتہ بارہ سے چوبیس گھنٹوں کے دوران سکیورٹی فورسز نے مستونگ، کوئٹہ، قلات اور سبی کے اضلاع میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کئی کارروائیاں کیں، جن میں چھتیس دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔

آج مستونگ میں کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگا کر انہیں نشانہ بنایا گیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم مزید چھ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک اور کارروائی ضلع کوئٹہ کے علاقے شعبان میں کی گئی۔ جس کے دوران فوجی جوانوں نے خوارج کے چار ٹھکانوں کا سراغ لگایا اور فائرنگ کے تبادلے کے بعد چھبیس خوارج کو ہلاک کیا۔

قلات میں بھی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کی گئی، جس کے دوران بھارتی حمایت یافتہ دودہشتگردوں کا خاتمہ کیا گیا۔

ضلع سبی کے علاقے بھاگ میں سکیورٹی فورسز نے مقامی آبادی کے تعاون سے فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس سٹیشن بھاگ پر دہشت گردوں کے حملے کی کوشش ناکام بنا دی۔ فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دو دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔

ضلع قلات میں بھارتی حمایت یافتہ بارہ دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔